Pakistan

سرگودھا ،7سالہ بچی سےزیادتی کامرکزی ملزم مقابلے میں ہلاک

سرگودھا ،7سالہ بچی سےزیادتی  کامرکزی ملزم مقابلے میں ہلاک
۱ منٹ پہلے

سرگودھا میں سات سالہ بچی منتہا کے ساتھ مبینہ زیادتی اور قتل کامرکزی ملزم ارسلان ایک مبینہ مقابلے کے دوران ہلاک ہو گیا۔

 

اطلاعات کے مطابق دوسری جماعت میں زیرِ تعلیم ننھی منتہا چند روز قبل اپنے گھر سے قریبی دکان پر کھانے پینے کی چیز لینے کے لیے نکلی تھی لیکن واپس نہ آ سکی۔

 

اہلِ خانہ کے مطابق بچی کی تلاش شروع کی گئی تو بعد میں دکان کے اوپر موجود ایک کمرے سے اس کی لاش برآمد ہوئی۔ اس واقعے نے علاقے میں شدید غم و غصے اور افسوس کی فضا پیدا کر دی۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ مؤقف سامنے آیا کہ بچی کو دکان پر کام کرنے والے افراد ورغلا کر اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

 

واقعے کے بعد ڈی پی او صہیب اشرف کی ہدایت پر چھ رکنی خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے مختلف مقامات پر کارروائیاں شروع کیں اور ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے۔

 

تحقیقات کے دوران دکان کے مالک حنیف، اس کے بیٹے اور دیگر مشتبہ افراد کو بھی تحویل میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی جبکہ ملزم ارسلان کے سابقہ ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا گیا۔

 

اب پولیس کے مطابق مقدمے کا مرکزی ملزم ایک مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے۔

 

دوسری جانب معصوم منتہا کے والدین شدید صدمے سے دوچار ہیں اور پورے علاقے میں سوگ کی کیفیت پائی جا رہی ہے۔

 

رات گئے منتہا کی نمازِ جنازہ سرگودھا کے مرکزی قبرستان میں ادا کی گئی جس میں شہریوں، اہلِ علاقہ اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

منتہا کی تدفین کے موقع پر فضا انتہائی افسردہ رہی اور شہریوں نے واقعے پر دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں