گلگت بلتستان میں سیلابی ریلوں کی تباہی، دیامر کے متعدد علاقے شدید متاثر
گلگت بلتستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات مزید شدت اختیار کرتے دکھائی دے رہے ہیں، جہاں ضلع دیامر کے مختلف علاقوں میں سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں داریل، کھنبری، بھٹوگاہ، کھنر، ہوڈر، نیاٹ اور تھور شامل ہیں، جہاں سیلابی ریلوں کے باعث فصلوں، باغات، مکانات اور زرعی زمینوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ذرائع کے مطابق سیلاب سے رابطہ پل، واٹر چینلز، پن چکیاں اور دیہی سڑکیں بھی متاثر یا تباہ ہو گئی ہیں، جس کے باعث مقامی آبادی کو نقل و حمل اور روزمرہ ضروریات میں مشکلات کا سامنا ہے۔
حکام کے مطابق کلاؤڈ برسٹ اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے نتیجے میں دریاؤں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس سے دریا کنارے آباد علاقوں کو بھی خطرات لاحق ہیں۔
اس کے علاوہ شاہراہ قراقرم کے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔
متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے فوری امدادی کارروائیوں، نقصانات کے تخمینے اور ہنگامی حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔