پھلگراں، طالب علم حاشر کیس میں بڑی پیش رفت، مرکزی ملزم گرفتار
ایبٹ آباد: تھانہ بکوٹ کے ایس ایچ او کاشف خان نے پانچ مئی دو ہزار چھبیس کو درج مقدمہ نمبر دو سو میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے مطلوب ملزم محمد نعمان ولد طاہر سکنہ پھلگراں (حال مقیم راولپنڈی) کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم پر طالب علم حاشر ولد تاج سکنہ پھلگراں کے ساتھ زیادتی اور تشدد کے سنگین الزامات ہیں۔ کارروائی کے دوران پولیس نے ملزم کو حسبِ ضابطہ گرفتار کرکے پابندِ سلاسل کر دیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
اس حوالے سے سینیئر پولیس افسران ایس پی انویسٹی گیشن ایاز خان، ایس پی جمیل الرحمن قریشی، ڈی ایس پی گلیات مہتاب نزیر اور ایس ایچ او بکوٹ کاشف خان نے تھانہ بکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق تفتیش کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ مکمل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔