کوئی ملک آبنائے ہرمز پر ٹول یا فیس عائد نہیں کرسکتا، مارکو روبیو
امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز پر کوئی ملک ٹول یا فیس عائد نہیں کر سکتا اور عالمی آبی گزرگاہ پر محصول یا فیس نافذ کرنا بین الاقوامی قانون کے خلاف ہے۔
ابوظبی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ ایران کو انقلابی تحریک کے بجائے ایک ریاست کے طور پر کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایران ریاستی انداز میں کام کرے تو اس کے لیے ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں، تاہم خطے میں جب تک ایرانی حمایت یافتہ گروہ حملے جاری رکھیں گے، کشیدگی کا خاتمہ ممکن نہیں ہوگا۔
امریکی وزیرِ خارجہ کے مطابق عراق سے میزائل اور بغیر پائلٹ طیاروں کے حملے علاقائی امن کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عراق میں بھی حماس اور حزب اللّٰہ جیسے گروہ دہشت گردی میں ملوث ہیں۔
مارکو روبیو نے مزید کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان بات چیت میں یہ موضوع بھی جلد زیرِ غور آئے گا اور خطے کے ممالک امریکا کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہیں۔