Pakistan

یومِ عاشور انسانیت کو ایمان، صبر، ایثار اور حق کی سربلندی کا درس دیتا ہے: وزیراعظم شہباز شریف

یومِ عاشور انسانیت کو ایمان، صبر، ایثار اور حق کی سربلندی کا درس دیتا ہے: وزیراعظم شہباز شریف
۱ منٹ پہلے

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ عاشور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ عاشورہ اسلامی تاریخ کا ایک عظیم اور فکر انگیز دن ہے جو انسانیت کو ایمان، صبر و استقامت، ایثار اور حق پسندی کے لازوال اسباق سکھاتا ہے۔ 

 

انہوں نے کہا کہ یہ دن اللہ تعالیٰ کی نصرت، اہلِ ایمان کی کامیابی اور حق کی سربلندی کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے جبکہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے وفادار رفقا کی قربانی نے یومِ عاشور کو تاریخ اسلام میں ہمیشہ کے لیے ایک منفرد مقام عطا کر دیا ہے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ واقعۂ کربلا پوری امت کے لیے یہ پیغام رکھتا ہے کہ اصولوں، اقدار اور انصاف کی پاسداری ہی ایک باوقار اور مہذب معاشرے کی بنیاد ہے۔ 

 

حضرت امام حسینؓ نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ حق و صداقت کے لیے قربانی دینا باطل اور ظلم کے سامنے جھکنے سے کہیں بہتر ہے۔ 

 

انہوں نے مزید کہا کہ کربلا کا واقعہ احیائے سنتِ نبوی ﷺ، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر جیسے عظیم مقاصد کے لیے جدوجہد کی روشن مثال ہے۔

 

شہباز شریف نے قوم سے اپیل کی کہ اختلافات، نفرت اور انتشار کے بجائے باہمی احترام، رواداری اور اتحاد کو فروغ دیا جائے۔ 

 

انہوں نے علما، مشائخ، ذاکرین اور مذہبی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ یومِ عاشور کے حقیقی پیغام کو عام کریں، بین المسالک ہم آہنگی کو مضبوط بنائیں اور اشتعال انگیزی و نفرت انگیز رویوں کی حوصلہ شکنی کریں۔ 

 

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ شہدائے کربلا کی قربانیوں کی روشنی میں حق و انصاف کے ساتھ وابستگی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور معاشرے کے محروم و کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں