واشنگٹن میں جو ہوا وہ ’’اسلام آباد ٹریک‘‘ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے،حزب اللّٰہ
لبنان میں حزب اللّٰہ کے رکنِ پارلیمان حسن فضل اللّٰہ نے واشنگٹن میں ہونے والے امریکا، اسرائیل اور لبنان فریم ورک معاہدے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن میں جو کچھ ہوا وہ ’’اسلام آباد ٹریک‘‘ کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔
اپنے بیان میں حسن فضل اللّٰہ نے مؤقف اختیار کیا کہ خطے میں جاری سیاسی اور سفارتی عمل کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ان کے مطابق مزاحمت کے بغیر کوئی بھی سیاسی عمل کامیاب نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللّٰہ موجودہ حالات میں اپنے سیاسی اور تنظیمی مؤقف پر قائم رہے گی۔
حسن فضل اللّٰہ نے مزید کہا کہ حزب اللّٰہ لبنانی حکام کے بعض اقدامات کی مخالفت کرے گی اور اپنی حکمتِ عملی میں تبدیلی نہیں لائے گی۔ ان کے مطابق تنظیم اپنے ہتھیاروں اور تیاری کو پہلے سے زیادہ مضبوط رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی جماعت لبنانی حکام کو ان وعدوں پر عمل درآمد نہیں کرنے دے گی جنہیں وہ اپنے مؤقف کے خلاف سمجھتے ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا، اسرائیل اور لبنان کے درمیان حالیہ سفارتی پیش رفت اور ممکنہ معاہدوں پر خطے میں مختلف سیاسی ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔