Breaking News

پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں کے متعلق متوازن پالیسی پر عمل پیرا ہیں،علی پرویز ملک

پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں کے متعلق متوازن پالیسی پر عمل پیرا ہیں،علی پرویز ملک
۱ منٹ پہلے

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین میں نہ کسی شعبے کو ترجیح دے رہی ہے اور نہ ہی کسی پر غیر ضروری مالی بوجھ ڈال رہی ہے، بلکہ تمام فیصلے ملکی مفاد، عالمی حالات اور عوامی سہولت کو سامنے رکھ کر کیے جا رہے ہیں۔

 

سماجی رابطے کی ویب گاہ ایکس پر جاری اپنے بیان میں علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے متوازن حکمتِ عملی پر عمل کر رہی ہے اور قیمتوں کے تعین میں قومی ضروریات اور صارفین کے مفاد کو بنیادی اہمیت دی جا رہی ہے۔

 

وفاقی وزیر کے مطابق حکومت بین الاقوامی ذمہ داریوں کے دائرے میں رہتے ہوئے صارفین تک ممکنہ فائدہ منتقل کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ عالمی منڈی میں آنے والی تبدیلیوں کے اثرات کو مناسب انداز میں سنبھالا جا سکے۔

 

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایات اور حکومتی پالیسی کے تحت اب تک ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 200 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 155 روپے فی لیٹر کمی کی جا چکی ہے۔

 

علی پرویز ملک کے مطابق عالمی منڈی میں حالیہ ہفتے پیٹرول کی قیمت 98 اعشاریہ 35 ڈالر سے 91 اعشاریہ 68 ڈالر فی بیرل کے درمیان رہی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 109 اعشاریہ 09 ڈالر سے 104 اعشاریہ 79 ڈالر فی بیرل کے درمیان ریکارڈ کی گئی۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین میں عالمی منڈی کے رجحانات، ملکی معاشی ضروریات، درآمدی اخراجات اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھا جاتا ہے تاکہ قیمتوں میں توازن برقرار رکھا جا سکے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں