راولپنڈی ،35 سالہ خاتون نے خودکشی کر لی،بچیوں کی حالت تشویشناک
راولپنڈی کے علاقے سرکلر روڈ، وارث خان کے قریب ایک 35 سالہ خاتون نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی جبکہ دو بچیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے ریسکیو 1122 کی تین گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق ابتدائی معلومات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ خاتون نے مبینہ طور پر گولیاں استعمال کی تھیں۔ خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی، جبکہ اس کے ساتھ موجود 15 سالہ ایمان فاطمہ اور 8 سالہ حمد شہزادی کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
امدادی اہلکاروں نے خاتون کی لاش اور دونوں بچیوں کو فوری طور پر طبی مرکز منتقل کیا، جبکہ اطلاع ملنے پر پولیس بھی جائے وقوع پر پہنچ گئی اور ضروری شواہد جمع کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق راولپنڈی پولیس نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کی بنیاد پر مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے کی نوعیت سے متعلق حتمی مؤقف سامنے آئے گا۔