Breaking News

آزاد کشمیر، تاجروں،ٹرانسپورٹرز کا اتوار کو ہڑتال ختم کرنے کااعلان

آزاد کشمیر، تاجروں،ٹرانسپورٹرز کا اتوار کو ہڑتال ختم کرنے کااعلان
۱ منٹ پہلے

آزاد جموں و کشمیر میں تاجروں اور ٹرانسپورٹ نمائندوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خطے میں جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

 

مرکزی انجمنِ تاجران کے وائس چیئرمین گوہر کشمیری اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر اعظم رسول نے اعلان کیا کہ کل بروز اتوار سے تمام بازار اور کاروباری مراکز کھول دیے جائیں گے جبکہ ٹریفک بھی معمول کے مطابق بحال کر دی جائے گی۔

 

یاد رہے کہ 9 جون سے کالعدم قرار دی گئی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر خطے میں مکمل ہڑتال جاری تھی، جس کے باعث بازار بند اور ٹرانسپورٹ معطل رہی۔

 

اعظم رسول کے مطابق کل سے ہر قسم کی ہڑتال ختم کرتے ہوئے ٹریفک کو معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا تاکہ عوام کو سفری سہولیات دوبارہ میسر آ سکیں۔

 

دوسری جانب گوہر کشمیری نے تاجروں سے اپیل کی کہ دکانیں اور کاروباری مراکز کھولے جائیں تاکہ معاشی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوں اور روزمرہ زندگی معمول کی طرف لوٹ سکے۔

 

دونوں رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ کالعدم قرار دی گئی عوامی ایکشن کمیٹی اب عملی طور پر اپنی سابقہ حیثیت برقرار نہیں رکھ سکی، اسی لیے تاجر اور ٹرانسپورٹر اس سے علیحدگی اختیار کر رہے ہیں۔

 

پریس کانفرنس کے دوران انتظامیہ سے مطالبہ بھی کیا گیا کہ علاقے میں انٹرنیٹ سروس بحال کی جائے، بینک دوبارہ کھولے جائیں اور پیٹرول و ڈیزل کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ معمولات مکمل طور پر بحال ہو سکیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں