بیجنگ: 109 منزلہ عمارت سے چھوٹا طیارہ ٹکرا گیا، پائلٹ ہلاک، 13 افراد زخمی
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک چھوٹا تربیتی طیارہ شہر کی بلند ترین عمارت سی آئی ٹی آئی سی ٹاور سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک جبکہ عمارت میں موجود 13 افراد زخمی ہوگئے۔
چینی حکام کے مطابق حادثہ جمعہ کی شام اس وقت پیش آیا جب ایک انجن پر مشتمل دو نشستوں والا اورورا SA60L اسپورٹس طیارہ 528 میٹر بلند اور 109 منزلہ سی آئی ٹی آئی سی ٹاور سے جا ٹکرایا۔
طیارے میں صرف پائلٹ سوار تھا، جو موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، جبکہ زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ عمارت بیجنگ کے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ میں واقع ہے، جو فاربڈن سٹی سے تقریباً 6 کلومیٹر اور ژونگ نان ہائی کے قریب واقع ہے۔
حادثے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں، تاہم تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
چین میں دارالحکومت کی فضائی حدود میں پرواز کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس سے پیشگی اجازت لازمی ہوتی ہے۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ کے مطابق B-12PP رجسٹریشن والا طیارہ پنگگو ضلع کے شیفوسی ایئرپورٹ سے روانہ ہوا تھا اور اس کا آخری سگنل چاؤیانگ ضلع میں ریکارڈ کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ طیارہ بیجنگ کی کمپنی ڈونگشی شوانگیو جنرل ایوی ایشن کی ملکیت تھا، جو فلائٹ ٹریننگ اور سیاحتی فضائی سیر کی خدمات فراہم کرتی ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔