Breaking News

دلہن کو ملنے والے سونے کے زیورات اس کی ذاتی ملکیت ہیں،سپریم کورٹ

دلہن کو ملنے والے سونے کے زیورات اس کی ذاتی ملکیت ہیں،سپریم کورٹ
۱۰ منٹ پہلے

 سپریم کورٹ نے ایک اہم فیصلے میں قرار دیا ہے کہ شادی کے موقع پر دلہن کو ملنے والے سونے کے زیورات اور دیگر تحائف اسی کی ذاتی ملکیت شمار ہوں گے اور شوہر یا سسرال ان پر کسی قسم کا ملکیتی حق نہیں رکھتے۔

 

یہ فیصلہ چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے جاری کیا، جبکہ تفصیلی فیصلہ جسٹس شکیل احمد نے تحریر کیا۔

 

عدالتِ عظمیٰ کے حکمنامے کے مطابق شادی کے دوران دلہن کو دیے گئے سونے کے زیورات پر صرف دلہن کا حق ہوگا اور ان زیورات کو روکنا یا واپس نہ کرنا اس کے ملکیتی حقوق سے غیر قانونی محرومی تصور کیا جائے گا۔

 

فیصلے میں واضح کیا گیا کہ اگر بیوی کو اس کے ذاتی زیورات یا سامان واپس نہ ملے تو وہ ان کی واپسی کے لیے فیملی عدالت سے رجوع کر سکتی ہے۔

 

عدالت نے مزید قرار دیا کہ والدین یا خاندان کی جانب سے دلہن کو دیا گیا سونا بھی اسی کی ذاتی ملکیت ہوگا اور اس پر کسی دوسرے فرد کا دعویٰ قابلِ قبول نہیں ہوگا۔

 

حکمنامے کے مطابق فیملی عدالت کو بیوی کے ذاتی سامان اور زیورات سے متعلق مقدمات سننے اور ان پر فیصلہ دینے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔

 

سپریم کورٹ نے سونے کے زیورات سے متعلق دائر اپیل مسترد کرتے ہوئے درخواست خارج کر دی اور قرار دیا کہ شوہر یا ساس کے خلاف زیورات کی واپسی کا دعویٰ فیملی عدالت میں قابلِ سماعت ہوگا۔

 

عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ دلہن کو شادی کے موقع پر ملنے والے عروسی تحائف بھی اسی کی ذاتی ملکیت تصور کیے جائیں گے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں