پاکستان سے مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں،افغان سفیر
پاکستان میں امارتِ اسلامیہ افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب نے کہا ہے کہ افغان حکومت پاکستان کے ساتھ تمام مسائل بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی خواہاں ہے۔
افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق سردار احمد شکیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ افغان حکومت کی پالیسی یہی ہے کہ پاکستان کے ساتھ پیدا ہونے والے تمام معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے اور کشیدگی کے بجائے رابطے اور مفاہمت کو ترجیح دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کابل اور اسلام آباد کے درمیان پیدا ہونے والے مسائل دونوں ممالک کے لیے نقصان دہ ثابت ہوئے ہیں، جبکہ مسلسل تناؤ نے سرحد کے دونوں جانب رہنے والے عوام کی زندگیوں پر سب سے زیادہ اثرات مرتب کیے ہیں۔
سردار احمد شکیب کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں پیدا ہونے والی صورتحال نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو متاثر کیا ہے، جس کے باعث عوامی اور اقتصادی سطح پر بھی مشکلات سامنے آئیں۔ ان کے مطابق ایسے مسائل کا حل طاقت کے بجائے مذاکرات، رابطے اور سفارتی عمل کے ذریعے ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امارتِ اسلامیہ افغانستان کا مؤقف ہے کہ اختلافات کو بات چیت کے ذریعے کم کیا جائے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی فضا قائم ہو سکے اور تعلقات میں بہتری لائی جا سکے۔
دوسری جانب سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سفارتی رابطوں کا تسلسل برقرار رکھنے سے مستقبل میں کشیدگی کم کرنے، باہمی اعتماد بڑھانے اور افغانستان و پاکستان کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور تجارتی تعاون کے نئے امکانات پیدا کیے جا سکتے ہیں۔