فائز عیسیٰ کواحساس نہیں ہواانہوں نے اپنے منصب سے غداری کی،علیمہ خان
بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ انہوں نے آج قاضی فائز عیسیٰ کا ایک انٹرویو دیکھا، تاہم ان کے مطابق قاضی فائز عیسیٰ کو آج تک یہ احساس نہیں ہوا کہ انہوں نے اپنے منصب اور پاکستان کے ساتھ غداری کی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان پہلے ہی 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف احتجاج کی اپیل کر چکے تھے اور ان کا مؤقف تھا کہ یہ اقدام ملک کے ساتھ ناانصافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قواعد کے مطابق ہفتے میں 18 افراد بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کر سکتے ہیں، لیکن عملی طور پر ملاقاتوں کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ ان کے بقول اہلِ خانہ کو ملاقات کے لیے عدالتوں سے رجوع اور درخواستیں کرنا پڑ رہی ہیں، جبکہ اصل مطالبہ تمام حقوق کی بحالی ہونا چاہیے۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ حکومت کا ارادہ ہے کہ صرف ایک بہن کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جائے تاکہ بعد ازاں انہیں دوبارہ طویل مدت کے لیے تنہائی میں رکھا جا سکے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ ملاقات کے دوران کسی ایسے فرد کو بھی ساتھ بھیجا جا سکتا ہے جو اندر ہونے والی گفتگو کو باہر منتقل کرے اور پھر اسے مزید پابندیوں کے جواز کے طور پر استعمال کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا مطالبہ ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو تمام قانونی اور بنیادی حقوق فراہم کیے جائیں، انہیں کتابوں تک رسائی دی جائے اور اہلِ خانہ اور بچوں سے ملاقات کی سہولت دی جائے۔