Breaking News

وزیراعظم کی جامع قومی زرعی پالیسی جلد تیار کرنے کی ہدایت

وزیراعظم کی جامع قومی زرعی پالیسی جلد تیار کرنے کی ہدایت
۱ منٹ پہلے

شہباز شریف نے صوبوں کے ساتھ مشاورت کے ذریعے جامع قومی زرعی پالیسی جلد از جلد تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

 

وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق سے متعلق ایک اہم اجلاس میں زرعی شعبے میں اصلاحات، وزارت کی تنظیمِ نو اور قومی زرعی پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

 

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے زرعی شعبے میں اصلاحات کی نگرانی کے لیے ایک اعلیٰ سطحی فورم قائم کرنے کی ہدایت دی۔ ان کے مطابق یہ فورم زرعی جدت اور ترقیاتی منصوبے پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے ہر ماہ اجلاس منعقد کرے گا تاکہ طے شدہ اہداف کے مطابق پیش رفت یقینی بنائی جا سکے۔

 

وزیراعظم نے زرخیزی اور زرعی قرضہ پروگرام سے متعلق ملک گیر آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ کسان آسان شرائط پر زرعی قرضوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اجلاس میں بہتر بیج، جدید زرعی ٹیکنالوجی، مؤثر آبپاشی نظام اور کھاد کی بروقت دستیابی کو زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے اہم قرار دیا گیا۔

 

انہوں نے زرعی اجناس میں قدر افزائی، جدید گوداموں اور ذخیرہ سازی کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا تاکہ فصلوں کے ضیاع میں کمی لائی جا سکے اور کسانوں کو بہتر مالی فائدہ حاصل ہو۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں