اڈیالہ جیل میں عمران خان سے بشریٰ بی بی کی ملاقات
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی اڈیالہ جیل میں ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کرا دی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے درمیان جیل کے کانفرنس روم میں ملاقات ہوئی، جو تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہی۔
ملاقات کے دوران عمران خان اور بشریٰ بی بی نے صحت اور قانونی معاملات پر تبادلۂ خیال کیا۔
بعد ازاں بشریٰ بی بی سے ان کے اہلِ خانہ کی بھی ملاقات کرائی گئی۔ یہ ملاقات بھی کانفرنس روم میں ہوئی، جس میں بشریٰ بی بی کی صحت اور مختلف خاندانی امور پر گفتگو کی گئی۔
بشریٰ بی بی سے ملاقات کرنے والوں میں ان کی بھابھی اور بیٹی شامل تھیں۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں اڈیالہ جیل سے روانہ ہو گئیں۔ ملاقات کے لیے بشریٰ بی بی کی بیٹی مبشرہ شیخ اور بھابھی مہرالنساء مانیکا اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 سے اندر داخل ہوئی تھیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ منگل کو بھی بشریٰ بی بی کے اہلِ خانہ کو ملاقات کی اجازت دی گئی تھی، تاہم اہلِ خانہ جیل نہیں پہنچ سکے تھے، جس کے باعث ملاقات نہ ہو سکی تھی۔