Pakistan

مری،مدرسے کے قاری کے تشدد سےطالبعلم کی آنکھ شدید زخمی

مری،مدرسے کے قاری کے تشدد سےطالبعلم کی آنکھ شدید زخمی
۱ منٹ پہلے

مری کے علاقے سہر بگلہ مسجد میں ناظرہ قرآن پڑھنے والے ایک کمسن طالبعلم کے ساتھ مبینہ تشدد کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے نتیجے میں بچے کی ایک آنکھ شدید متاثر ہو گئی۔

 

متاثرہ بچے کے اہلِ خانہ کے مطابق عائز عبید عباسی روزانہ کی طرح اسکول سے واپسی کے بعد ناظرہ قرآن پڑھنے کے لیے مسجد گئے تھے۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ بچے کو قرآن پاک کی تعلیم سے خصوصی شغف تھا اور وہ بغیر کسی یاددہانی کے خود ہی مسجد چلا جاتا تھا۔

اہلِ خانہ کا دعویٰ ہے کہ مسجد کے قاری سفیان نے مبینہ طور پر ڈنڈے سے تشدد کیا، جس کے نتیجے میں بچے کی آنکھ شدید زخمی ہو گئی۔

 

واقعے کے بعد بچے کو فوری طور پر سی ایم ایچ مری منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے شفا ہسپتال بھیج دیا گیا۔ اہلِ خانہ کے مطابق بچے کی آنکھ کا آپریشن کیا جا رہا ہے، جبکہ اس بات پر شدید تشویش پائی جاتی ہے کہ آیا وہ دوبارہ اس آنکھ سے دیکھ سکے گا یا نہیں۔

 

متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ سکولوں کی طرح مساجد اور مدارس میں بھی مؤثر نگرانی کا نظام متعارف کرایا جائے، حفاظتی کیمرے نصب کیے جائیں، اور بچوں پر تشدد میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

 

اہلِ خانہ نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ بچوں پر تشدد ثابت ہونے والے افراد پر مساجد اور مدارس میں تدریس کرنے پر مستقل پابندی عائد کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

 

 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں