مریم نواز اور سپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات، سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلۂ خیال
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، صوبے کی سیاسی صورتحال اور پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی کارکردگی کو سراہا اور عوامی خدمت، مؤثر قانون سازی اور صوبے کی ترقی کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی دو سالہ کارکردگی کو تاریخی اور بے مثال قرار دیتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے پنجاب میں پہلی مرتبہ ضلعی اور تحصیل کی سطح پر برقی بسیں چلانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کو جدید سفری سہولتیں فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پہلی بار ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کے ذریعے شہریوں کو صفائی اور بہتر ماحول کی سہولت فراہم کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ستھرا پنجاب‘‘ اور ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگراموں کو بین الاقوامی سطح پر ملنے والی پذیرائی پنجاب کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی کارکردگی صرف دعووں تک محدود نہیں بلکہ اس کے عملی نتائج بھی نمایاں ہیں۔ ان کے بقول پنجاب میں تیز رفتار خدمات اور بہتر طرزِ حکمرانی کا ایک مثالی نظام قائم کیا گیا ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس عوامی امنگوں کی ترجمانی کرے گا اور صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے وزیراعلیٰ کے اقدامات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں خواتین خود کو زیادہ محفوظ محسوس کر رہی ہیں جبکہ نوجوان اپنے مستقبل کے حوالے سے زیادہ پُرامید ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ دن رات عوامی خدمت کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے بھی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ریکارڈ کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے لیے ان کے اقدامات قابلِ تعریف ہیں۔