Breaking News

خیبر پختونخوا: بارش، آسمانی بجلی اور اچانک سیلاب سے 2 بچے جاں بحق، متعدد مکانات متاثر

خیبر پختونخوا: بارش، آسمانی بجلی اور اچانک سیلاب سے 2 بچے جاں بحق، متعدد مکانات متاثر
۳۲ منٹ پہلے

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا میں گزشتہ رات ہونے والی شدید بارش، آسمانی بجلی گرنے اور اچانک آنے والے سیلاب کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے باڑہ زکا خیل میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ 3 بچے زخمی ہو گئے۔ زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق لوئر چترال میں موسلادھار بارش اور بادل پھٹنے کے باعث اچانک سیلاب آ گیا، جس سے 27 مکانات متاثر ہوئے۔ سیلابی ریلے کے نتیجے میں 2 مساجد، 2 دکانیں، ایک پل، متعدد سڑکیں اور آب نوشی کا نظام بھی متاثر ہوا۔

 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب سے 4 گاڑیاں اور متعدد موٹر سائیکلیں بھی متاثر ہوئیں، جبکہ مجموعی نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

 

ادھر اپر چترال کے علاقے یارخون، مستوج میں بھی اچانک سیلاب کے باعث ایک مکان، آب نوشی کی متعدد اسکیمیں اور نہریں متاثر ہوئیں، تاہم وہاں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ متاثرہ خاندانوں کو امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق لوئر چترال میں سیلاب کے باعث بند ہونے والی 2 رابطہ سڑکیں ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی ہیں۔

 

ادارے کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں تلاش، امداد اور بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

 

پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ اس کا ہنگامی کارروائی مرکز مکمل طور پر فعال ہے، تمام ضلعی انتظامیہ سے مسلسل رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

 

اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا ہنگامی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں