Pakistan

پنجاب میں مزید 1500 الیکٹرک بسیں لائی جائیں گی، مریم نواز

پنجاب میں مزید 1500 الیکٹرک بسیں لائی جائیں گی، مریم نواز
۳ منٹ پہلے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں الیکٹرک بسوں کا دائرہ کار تیزی سے بڑھایا جا رہا ہے اور مزید 1500 بسوں کی شمولیت کے بعد پنجاب کی سڑکوں پر تقریباً 3 ہزار بسیں چل رہی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف پنجاب کی تمام تحصیلوں تک ماحول دوست، جدید اور کم کرائے والی سفری سہولتیں پہنچانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام اس سے مستفید ہو سکیں۔

 

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت عوام کو معیاری اور سستی سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مزید 1500 الیکٹرک بسوں کی شمولیت کے بعد پنجاب میں مجموعی طور پر تقریباً 3 ہزار بسیں عوام کی خدمت کے لیے دستیاب ہوں گی۔

 

انہوں نے کہا کہ مختلف اضلاع اور تحصیلوں میں بسوں کی ضرورت اور طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ بعض علاقوں کو 10، 15 یا اس سے زیادہ بسیں فراہم کی گئی ہیں، تاہم جہاں مزید ضرورت ہوگی وہاں بھی مرحلہ وار بسیں فراہم کی جائیں گی۔

 

وزیراعلیٰ نے صوبائی اسمبلی کے ارکان سے کہا کہ اگر ان کے حلقوں میں مزید بسوں کی ضرورت ہے تو وہ حکومت کو آگاہ کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جیسے جیسے نئی بسیں موصول ہوتی جائیں گی، انہیں پنجاب کی تمام 147 یا 148 تحصیلوں تک پہنچایا جائے گا اور ہر علاقے کی ضرورت کے مطابق بسوں کی تعداد بھی پوری کی جائے گی۔

 

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب ملک کا وہ صوبہ بن چکا ہے جس نے اپنے شہریوں کو ماحول دوست، جدید، اقتصادی اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ الیکٹرک ٹرانسپورٹ فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان بسوں سے نہ صرف عوام کو کم کرائے میں بہترین سفری سہولتیں مل رہی ہیں بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے میں بھی مدد مل رہی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ عوام اس منصوبے سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب کے لیے آسانیاں پیدا فرمائے۔

 

اپنے خطاب کے اختتام پر وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ ٹرانسپورٹ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور پورے محکمے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہایت محنت، ذمہ داری اور بہترین انداز میں اس منصوبے کو آگے بڑھایا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو شاباش دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے اور محنت سے عوامی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں