Pakistan

اسلام آباد،غیر قانونی حراست، بھتہ خوری کے الزامات،مجسٹریٹ کا ڈرائیورگرفتار

اسلام آباد،غیر قانونی حراست، بھتہ خوری کے الزامات،مجسٹریٹ کا ڈرائیورگرفتار
۱ منٹ پہلے

اسلام آباد کے تھانہ انڈسٹریل ایریا میں  غیر قانونی حراست، بھتہ خوری، دھمکیوں اور سرکاری اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات  میں شہری کی شکایت پر مجسٹریٹ کے ڈرائیور اسامہ کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا، جبکہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

 

ایف آئی آر نمبر 560/26، مورخہ یکم جولائی 2026 کے مطابق مدعی محمد قادر ولد محمد صدیق نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ 20 جون 2026 کو رات تقریباً 9 بجے سیکٹر I-9 میں ایک نجی ریسٹورنٹ کے قریب وہ اپنی گاڑی میں موجود تھے کہ ایک شخص، جس نے خود کو مجسٹریٹ ظاہر کیا، اپنے تین ساتھیوں کے ہمراہ وہاں پہنچا۔

 

شکایت کے مطابق مبینہ مجسٹریٹ نے گاڑی کا دروازہ کھلوایا، محمد قادر کو زبردستی گاڑی سے باہر نکالا، گالی گلوچ کی اور غیر قانونی طور پر حراست میں لے لیا۔ مدعی کا کہنا ہے کہ بعد ازاں اسے ایک کمرے میں بند رکھا گیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔

 

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر مدعی کا موبائل فون بھی چھین لیا اور یہ کہتے ہوئے کہ "ہم پولیس والے ہیں، آپ کے خلاف مقدمہ درج کر دیں گے"، اسے خوفزدہ کیا۔ شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مدعی سے 7 ہزار روپے نقد وصول کیے گئے جبکہ مزید 17 ہزار روپے اسامہ نامی شخص کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کروائے گئے، یوں مجموعی طور پر 24 ہزار روپے مبینہ طور پر بھتے کی مد میں وصول کیے گئے۔

 

پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والا اسامہ متعلقہ مجسٹریٹ کے ساتھ بطور ڈرائیور خدمات انجام دے رہا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران اس کے خلاف شہریوں اور دکانداروں کی جانب سے مبینہ بھتہ خوری کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں، جن کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

 

پولیس نے مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 170 (سرکاری ملازم بن کر دھوکہ دہی)، 342 (غیر قانونی حراست)، 506 (مجرمانہ دھمکی) اور 34 (مشترکہ نیت) کے تحت درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ تفتیشی حکام موبائل فون کا ریکارڈ، بینک ٹرانزیکشنز اور جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر رہے ہیں تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔

 

پولیس کے مطابق مقدمے کی تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی بنیاد پر قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔

 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں