مقررہ ریونیو ہدف کا حصول ایک تاریخی سنگِ میل ہے،وزیرِ خزانہ
وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے ورچوئل شرکت کی، جبکہ ایف بی آر بورڈ کے اراکین، سینئر افسران، چیف کمشنرز اور ملک بھر سے چیف کلیکٹرز بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ مالی سال 2025-26 کے لیے مقررہ ریونیو ہدف کا حصول ایک تاریخی سنگِ میل ہے، جسے گزشتہ ڈھائی برس کے دوران نافذ کی گئی معاشی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ٹیرف میں ریلیف فراہم کیے جانے کے باوجود ایف بی آر نے ٹیکس وصولیوں میں نمایاں اضافہ کیا، جو ادارے کی بہتر کارکردگی کا ثبوت ہے۔
وزیرِ خزانہ کے مطابق ایف بی آر نے گزشتہ مالی سال کے دوران 599 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز جاری کیے، جو کاروباری برادری اور برآمدکنندگان کو بروقت سہولت فراہم کرنے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ بجٹ کی تیاری کے دوران وزارتِ خزانہ اور ایف بی آر کے درمیان قریبی تعاون انتہائی مؤثر رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر میں میرٹ، شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات کا عمل مسلسل جاری ہے تاکہ ٹیکس نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنایا جا سکے۔