Breaking News

لاہور ایک اور سکول کی عمارت گرگئی،بچہ جاں بحق،5زخمی

لاہور ایک اور سکول کی عمارت گرگئی،بچہ جاں بحق،5زخمی
۱ منٹ پہلے

لاہور کے علاقے باغبان پورہ میں ایک نجی سکول کی زیرِ تعمیر عمارت کی دیوار گرنے سے 12 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ 5 بچے زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے فوری امدادی کارروائی کرتے ہوئے سمر کیمپ میں موجود تقریباً 250 بچوں کو بحفاظت باہر نکال لیا اور سرچ آپریشن مکمل کر لیا۔

 

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب سکول کی نئی خریدی گئی عمارت پر کچا لینٹر ڈالا جا رہا تھا۔ اسی دوران زیرِ تعمیر دیواریں اچانک گر گئیں، جس سے بچے ملبے تلے دب گئے۔

 

حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 12 سالہ ابوبکر کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں ندیم، وسیم، فیض اور شکیل شامل ہیں۔ حکام کے مطابق ایک زخمی بچے کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

 

واقعے کے بعد وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اسکول میں مبینہ طور پر غیرقانونی سمر کیمپ چلانے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسکول کے خلاف مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔

 

ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی نے غفلت کے الزام پر 4 تعلیمی افسران کو معطل کر دیا، جن میں 2 اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران اور 2 ڈپٹی ایجوکیشن افسران شامل ہیں۔ حکام نے نجی اسکول کو سیل کر دیا ہے، جبکہ اسکول کے مالک کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کے لیے درخواست بھی دے دی گئی ہے۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں نجی سکول میں قائم سمر کیمپ کی چھت گرنے کے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاہور اور ڈی جی ریسکیو 1122 سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

 

وزیراعلیٰ نے حادثے میں ایک بچے کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کی۔ انہوں نے ملبے تلے دبے 10 سے زائد بچوں کو بحفاظت نکالنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں شاباش دی۔

 

مریم نواز شریف نے ریسکیو آپریشن کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملبے تلے دبے بچوں کی بحفاظت برآمدگی یقینی بنائی جائے اور امدادی کارروائیوں میں ایک سیکنڈ کی بھی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

انہوں نے زخمی بچوں اور دیگر متاثرہ افراد کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔

 

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اگر حادثے میں غفلت، غیر معیاری تعمیرات یا حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 

مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں گنجان آباد علاقوں میں قائم تمام ایسے اسکولوں کی عمارتوں کا فوری سیفٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت بھی جاری کی تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں