جوڈیشل مجسٹریٹ کے گھر زبردستی داخل ہونے پر ایس ایچ او سمیت 3 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج
غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور زیادتی کے مقدمے کی سماعت کرنے والے جوڈیشل مجسٹریٹ کے گھر میں مبینہ طور پر زبردستی داخل ہونے کے معاملے پر ایس ایچ او ڈیفنس سی اور دو پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مقدمہ تھانہ مصطفی آباد میں جوڈیشل ریسٹ ہاؤسز کے کیئر ٹیکر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق یکم اور 2 جولائی کی درمیانی شب ایس ایچ او ڈیفنس سی اپنے دو اہلکاروں کے ہمراہ مبینہ طور پر زبردستی جوڈیشل مجسٹریٹ کے گھر میں داخل ہوئے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ جب اپنے بیڈ روم سے باہر آئے تو ایس ایچ او اپنے اہلکاروں کے ساتھ کمرے کے باہر موجود تھا۔
مقدمے کے متن کے مطابق پولیس اہلکاروں نے دھمکی آمیز لہجے میں جوڈیشل مجسٹریٹ کا نام پوچھا اور انہیں ایک اعلیٰ پولیس افسر سے بات کرنے کا کہا۔
ایف آئی آر کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ نے اعلیٰ پولیس افسر سے بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر گھر سے نکل جانے کی ہدایت کی۔