ارجنٹینا سنسنی خیز مقابلے کے بعد کیپ وردے کو ہراکر پری کوارٹر فائنل میں
فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں ارجنٹینا نے سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کھیلنے والی کیپ ورڈی کو اضافی وقت میں 3-2 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
میامی میں کھیلے گئے میچ میں ارجنٹینا نے 29ویں منٹ میں لیونل میسی کے گول کی بدولت برتری حاصل کی۔ جاری ورلڈ کپ میں یہ میسی کا ساتواں گول تھا۔
کیپ ورڈی نے 59ویں منٹ میں ڈوآرٹے کے گول کی بدولت مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ دوسرے ہاف میں ارجنٹینا کو دو بہترین مواقع ملے، تاہم کیپ ورڈی کے گول کیپر ووزینا نے شاندار بچاؤ کرتے ہوئے گول نہ ہونے دیا۔
مقررہ وقت کے اختتام پر مقابلہ 1-1 سے برابر رہا، جس کے بعد اضافی وقت کا آغاز ہوا۔
اضافی وقت کے دوسرے ہی منٹ میں لیسانڈرو مارٹینیز نے گول کر کے ارجنٹینا کو دوبارہ برتری دلا دی، تاہم کیپ ورڈی کے سڈنی کیبریل نے شاندار کک کے ذریعے ایک بار پھر مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔
اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں کیپ ورڈی کے کھلاڑی ڈینی بورگس کی بدقسمتی سے گیند اپنی ہی ٹیم کے جال میں چلی گئی، جس سے ارجنٹینا کو 3-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی۔
باقی وقت میں کیپ ورڈی نے گول برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی، مگر کامیاب نہ ہو سکی اور ارجنٹینا نے میچ جیت کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کا مقابلہ 7 جولائی کو مصر سے ہوگا، جہاں لیونل میسی اور محمد صلاح آمنے سامنے ہوں گے۔
دوسری جانب مصر نے آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
ڈیلاس میں کھیلے گئے میچ میں مصر نے 13ویں منٹ میں امام عاشور کے گول سے برتری حاصل کی، تاہم دوسرے ہاف میں محمد ہانی کے اپنے ہی گول کی بدولت آسٹریلیا نے مقابلہ برابر کر دیا۔
مقررہ اور اضافی وقت میں مقابلہ 1-1 سے برابر رہنے کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا، جہاں مصر نے چاروں پنالٹیز پر گول کیے جبکہ آسٹریلیا کے ساؤٹار اور ہیرنگٹن اپنی پنالٹیز ضائع کر بیٹھے۔
ایک اور میچ میں کولمبیا نے گھانا کو 1-0 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول جون ایریاس نے 14ویں منٹ میں اسکور کیا، جو آخر تک فیصلہ کن ثابت ہوا۔ گھانا کی ٹیم بھرپور کوشش کے باوجود گول برابر نہ کر سکی۔
اس کامیابی کے ساتھ ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل کی لائن اپ مکمل ہو گئی، جہاں کولمبیا کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ سے ہوگا۔