مصر کے کوچ نے تاریخی فتح فلسطینی عوام کے نام کر دی
مصر کی قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ حسام حسن نے فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں آسٹریلیا کے خلاف تاریخی کامیابی فلسطینی اور مصری عوام کے نام کر دی۔
مصر نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے شکست دے کر اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں کامیابی حاصل کی۔ مقررہ وقت اور اضافی وقت کے اختتام پر دونوں ٹیمیں 1-1 سے برابر تھیں، جس کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
میچ کے بعد حسام حسن نے کہا کہ وہ یہ تاریخی فتح مصری اور فلسطینی عوام کے نام کرتے ہیں۔ انہوں نے فلسطینیوں کے لیے کامیابی اور شہداء کے لیے دعا بھی کی۔
فتح کے بعد حسام حسن میدان میں مصر اور فلسطین کے پرچم لے کر آئے، جبکہ پوری ٹیم نے تاریخی کامیابی کا جشن منایا۔
دوسری جانب غزہ میں بھی تباہ شدہ عمارتوں اور خیموں کے درمیان بڑی اسکرینوں پر میچ دیکھا گیا۔ مصر کی کامیابی کے بعد شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا، جبکہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں شائقین کو جشن مناتے اور بچوں کو چہروں پر مصر کے پرچم بنائے دیکھا گیا۔