Pakistan

عارف والا،قتل کی گئی خاتون کی لاش کے کھیتوں میں دفن ٹکڑے برآمد

عارف والا،قتل کی گئی خاتون کی لاش کے کھیتوں میں دفن ٹکڑے برآمد
۱ گھنٹے پہلے

عارف والا میں مبینہ طور پر اغوا کے بعد قتل ہونے والی خاتون کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس نے مقتولہ کے سابق شوہر کو حراست میں لے لیا ہے۔

 

پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم نے خاتون کے قتل کا اعتراف کر لیا، جس کے بعد اس کی نشاندہی پر کھیتوں میں دفن کی گئی خاتون کی لاش کے ٹکڑے برآمد کر لیے گئے۔

 

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے صلح کے بہانے اپنی سابقہ اہلیہ کو ملاقات کے لیے بلایا، پھر مبینہ طور پر اسے اغوا کر کے قتل کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے بعد ملزم نے لاش کے ٹکڑے کیے اور انہیں زمین میں دبا دیا تاکہ جرم چھپایا جا سکے۔

 

پولیس کے مطابق مقتولہ اور ملزم نے پسند کی شادی کی تھی اور ان کا ایک دو سالہ بچہ بھی ہے، تاہم ملزم نے تقریباً ایک سال قبل خاتون کو طلاق دے دی تھی۔

 

واقعے سے قبل مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے دو سالہ بچے کو لاہور سے بحفاظت بازیاب کر لیا ہے۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے مزید کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں