جعلی مجسٹریٹ بن کر ہوٹلوں پر چھاپے مارنے والی 4خواتین گرفتار
اسلام آباد میں چار خواتین پر مشتمل ایک گروہ کے جعلی مجسٹریٹ اور سرکاری عملہ بن کر مختلف ہوٹلوں پر چھاپے مارنے اور جرمانے وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چاروں خواتین کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار خواتین میں راحیلہ نامی خاتون خود کو مجسٹریٹ ظاہر کرتی تھی، جبکہ دیگر تین خواتین اس کے ساتھ سرکاری عملے کا روپ دھار کر مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتی تھیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے کم از کم تین ہوٹلوں میں مبینہ انسپکشن کی، خود کو سرکاری حکام ظاہر کیا اور ہوٹل انتظامیہ سے جرمانوں کی مد میں رقم بھی وصول کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور یہ معلوم کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے کتنے مقامات پر اسی نوعیت کی کارروائیاں کیں اور ان کے نیٹ ورک میں مزید افراد بھی شامل ہیں یا نہیں۔
تحقیقات جاری ہیں جبکہ گرفتار خواتین سے مزید پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ فراڈ کے اس معاملے کی تمام تفصیلات سامنے لائی جا سکیں۔