Breaking News

کراچی کو وفاق کے تحت الگ انتظامی یونٹ بنایا جائے، فاروق ستار

کراچی  کو وفاق کے تحت الگ انتظامی یونٹ بنایا جائے، فاروق ستار
۱ منٹ پہلے

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے کراچی کو وفاق کے ماتحت ایک الگ انتظامی یونٹ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 2022 میں پیپلز پارٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد نہ ہوا تو ایم کیو ایم احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔

 

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ 2022 میں کراچی کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا، جس پر بلاول بھٹو نے دستخط بھی کیے تھے، تاہم بارہا یاد دہانی کے باوجود اس پر عمل نہیں کیا گیا۔

 

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ یہ ان کی جماعت کا آخری معاہدہ ہے اور ایم کیو ایم نے کسی اضافی اختیار کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ صرف طے شدہ معاہدے پر عملدرآمد چاہتی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں، بصورت دیگر ایم کیو ایم احتجاج شروع کرے گی۔

 

فاروق ستار نے ملک کی مجموعی صورتحال پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بدعنوانی اور لوٹ کھسوٹ کا ماحول ہے، جبکہ عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے اور شہری مختلف مشکلات کا شکار ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ اگر مؤثر بلدیاتی قانون بنایا جاتا تو کراچی کے بہت سے مسائل حل ہو سکتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ہمیشہ کوٹہ سسٹم کی مخالف رہی ہے، مگر اس کے باوجود کراچی کے شہریوں کو اپنے حصے کی ملازمتیں نہیں مل رہیں اور جعلی ڈومیسائل کے ذریعے ان کے کوٹے پر بھرتیاں کی جا رہی ہیں۔

 

فاروق ستار نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا آئینی کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ وہ گورنر راج کے حامی نہیں، تاہم کراچی کے مستقبل کے حوالے سے ریفرنڈم کرایا جائے اور شہر کو وفاق کے تحت ایک الگ انتظامی یونٹ بنایا جائے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم سڑکوں پر آنے کی تیاری کر رہی ہے اور اگر حالات یہی رہے تو احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ ان کے مطابق بعد میں عوام کو احتجاج سے روکنا ممکن نہیں ہوگا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں