پاکستان نےحقیقی اور مخلص دوست ہونے کا ثبوت دیا ،باقر قالیباف
ایرانی پارلیمنٹ کےسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ پاکستان نے مشکل وقت میں ایران کے ایک حقیقی اور مخلص دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کے دوران محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران پاکستانی عوام اور قیادت کی جانب سے مشکل حالات میں دی جانے والی حمایت اور رفاقت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام خوشی اور آزمائش دونوں مواقع پر ایران کے ساتھ مخلص دوست کے طور پر کھڑے رہے ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایران کی ترقی سے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
بعد ازاں چینی پیپلز کانگریس کے نائب صدر سے ملاقات کے دوران محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران امریکا کو آبنائے ہرمز میں مداخلت کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور چین کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور اسٹریٹیجک تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے اور دونوں ممالک باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور چین کے مضبوط تعلقات عالمی سطح پر کشیدگی کم کرنے میں مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چین مشکل اوقات میں ہمیشہ ایران کے ساتھ کھڑا رہا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں چینی جہازوں کی آمدورفت سے متعلق مسائل بھی حل کر لیے گئے ہیں۔