Breaking News

سیشلز میں مودی کی آمد سے چند روز قبل ایوارڈمتعارف ،سرٹیفکیٹ میں املا کی غلطیاں

سیشلز میں مودی کی آمد سے  چند روز قبل ایوارڈمتعارف ،سرٹیفکیٹ میں املا کی غلطیاں
۱ منٹ پہلے

سیشلز میں بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کو دیے گئے "گارڈین آف دی بلو ہورائزن" ایوارڈ پر تنازع کھڑا ہوگیا، کیونکہ یہ اعزاز مبینہ طور پر ان کے دورے سے چند روز قبل متعارف کرایا گیا تھا جبکہ اس کے سرٹیفکیٹ میں املا کی متعدد غلطیاں بھی سامنے آئیں۔

 

رپورٹس کے مطابق ایوارڈ کے سرٹیفکیٹ میں "Republic" کو "Repbblic" اور "Seychelles" کو "Seychelles" لکھا گیا، جس پر سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں شدید تنقید کی گئی۔ بعد ازاں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ سرٹیفکیٹ مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے تیار کیا گیا تھا۔

 

بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے اس معاملے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کسی بھی ایوارڈ کے لیے فوراً پہنچ جاتے ہیں، جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اس اعزاز کو ماحول دوست قیادت کے اعتراف کے طور پر بھارت کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔

 

بعد ازاں سیشلز کی وزارتِ خارجہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ غلطی سے ایک مسودہ (ڈرافٹ) جاری ہو گیا تھا اور اب اس کی جگہ باضابطہ منظور شدہ ورژن جاری کر دیا گیا ہے۔ وزارت کے مطابق یہ اعزاز مکمل طور پر حقیقی اور سرکاری ہے۔

 

رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ اس سے قبل بھی نریندر مودی کو بعض ایسے اعزازات مل چکے ہیں جو ان کے دوروں سے کچھ عرصہ پہلے متعارف کرائے گئے تھے، جس پر سیاسی مبصرین نے ان کی شخصیت پر مبنی سیاست اور بین الاقوامی تشخص سے متعلق مختلف آرا کا اظہار کیا ہے۔

 

دوسری جانب پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی شرمناک واقعہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دورے سے چند روز قبل ایوارڈ تخلیق کیا گیا، سرٹیفکیٹ میں نمایاں غلطیاں موجود تھیں، اور نریندر مودی اس کے پہلے وصول کنندہ بن گئے۔یہ مصنوعی 'اعتراف یا تو سستی شہرت کی بدترین کوشش ہے یا پھر سب سے زیادہ بدنیتی پر مبنی خوشامد!!مودی بھارتی قوم کو شرمندگی میں مبتلا کر رہے ہیں، وہ ایک قومی رسوائی ہیں ۔
 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں