Breaking News

پاکستان میں غیر قانونی مائیگریشن میں 47 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے،طلال چوہدری

پاکستان میں غیر قانونی مائیگریشن میں 47 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے،طلال چوہدری
۱ منٹ پہلے

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں منعقدہ گلوبل الائنس ٹو کاؤنٹر مائیگرنٹ اسمگلنگ کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی مؤثر حکمت عملی کے نتیجے میں پاکستان میں غیر قانونی مائیگریشن میں 47 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ یورپی یونین نے بھی اس حوالے سے پاکستان کی کامیاب کوششوں کو سراہا ہے۔

 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ غیر قانونی مائیگریشن کے خلاف پاکستان کی حکمت عملی عالمی سطح پر ایک مؤثر ماڈل بن کر سامنے آئی ہے۔ ان کے مطابق غیر قانونی ہجرت کسی ایک ملک یا سرحد کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک عالمی چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ قانونی ہجرت کے مواقع میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ محفوظ، منظم اور قانونی ذرائع سے ہجرت کو فروغ دیے بغیر غیر قانونی مائیگریشن کا مؤثر تدارک ممکن نہیں۔

 

طلال چوہدری نے زور دیا کہ انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور مختلف ممالک کے درمیان قریبی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

 

اجلاس میں شریک گلوبل الائنس کے رکن ممالک نے غیر قانونی مائیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف پاکستان کی کوششوں، بالخصوص وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس شعبے میں ہونے والی پیش رفت کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

 

وزیر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان غیر قانونی مائیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف عالمی برادری کے ساتھ مل کر مؤثر اقدامات جاری رکھے گا اور اس حوالے سے بین الاقوامی تعاون کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں