خاتون نےشوہر کو ٹوائلٹ کلینر سے بھرا انجکشن لگا کر قتل کر دیا
بھارت میں پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو ٹوائلٹ کلینر سے بھرا انجکشن لگا کر قتل کر دیا، جبکہ اس کیس میں خاتون کے مبینہ ساتھی سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب مقتول کی والدہ نے یکم جولائی کو شکایت درج کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں 30 جون کو معلوم ہوا کہ ان کا 35 سالہ بیٹا پرشانت، جو ایک خلیجی ملک میں ملازمت کرتا تھا، پراسرار حالات میں انتقال کر گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہیں نہ تو بیٹے کے بھارت واپس آنے کی اطلاع دی گئی اور نہ ہی اس کی موت کے بارے میں بروقت آگاہ کیا گیا، جس پر انہوں نے اپنی بہو سندھیا پر شبہ ظاہر کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران تکنیکی شواہد سے معلوم ہوا کہ 32 سالہ سندھیا کے مبینہ طور پر 35 سالہ انیل کے ساتھ غیر ازدواجی تعلقات تھے۔ پولیس کے مطابق دونوں نے مبینہ طور پر پرشانت کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی اور اس میں وینکٹا سائی نامی شخص کو بھی شامل کیا۔
تحقیقات کے مطابق 29 جون کو وینکٹا سائی مبینہ طور پر نشے کی حالت میں پرشانت کے گھر پہنچا اور فون پر ملنے والی ہدایات کے مطابق اسے گھر کے صحن میں گھسیٹا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق بعد ازاں پرشانت کو سرکاری اور پھر نجی اسپتال لے جایا گیا، جس کے بعد اسے دوبارہ گھر لایا گیا۔ تفتیشی حکام کا الزام ہے کہ گھر واپس آنے کے بعد پہلے سے لگے کینولا کے ذریعے اسے ادویات اور ٹوائلٹ کلینر سے بھرا انجکشن دیا گیا، جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے دورانِ تفتیش مبینہ طور پر جرم کا اعتراف بھی کیا، جس کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے تینوں ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔