83 سالہ مصری خاتون نے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر لی
ایک مشہور کہاوت ہے کہ علم حاصل کرنے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں، اب اس کہاوت کو مصر کی 83 سالہ خاتون، اَمل اسماعیل عبدو، نے سچ ثابت کر دکھایا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اَمل اسماعیل عبدو، نے سوشیالوجی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق، 5 جولائی کو منصورہ یونیورسٹی، کے شعبہ سوشیالوجی، فیکلٹی آف آرٹس، کی جانب سے انہیں اپنے تحقیقی مقالے پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا گیا۔
اَمل اسماعیل عبدو، نے عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 83 سال سے زائد عمر میں پی ایچ ڈی حاصل کرنا ہر اس شخص کے لیے ایک پیغام ہے جو سمجھتا ہے کہ عمر خوابوں کی تکمیل میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمر محض ایک ہندسہ ہے، جب تک انسان سوچنے اور کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اسے اپنے خوابوں کو پورا کرنے کی کوشش جاری رکھنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ پر امید، مضبوط ارادہ، اور خود پر اعتماد ہی کامیابی کی کنجی ہیں۔