World

برطانوی مالی نے ایک دن میں گنیز ورلڈ ریکارڈ کے 2اعزاز نام کر لیے

برطانوی مالی نے ایک دن میں گنیز ورلڈ ریکارڈ کے 2اعزاز نام کر لیے
۷ گھنٹے پہلے

برطانیہ کے ایک شوقیہ مالی نے غیر معمولی جسامت والا ایلیفنٹ گارلک اور مٹر کاشت کر کے ایک ہی دن میں گنیز ورلڈ ریکارڈ کے 2 اعزاز اپنے نام کر لیے۔

 

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کی کاؤنٹی گلاسٹر شائر سے تعلق رکھنے والے گراہم بیریٹ نے 25 جون کو اپنی پیداوار کا سرکاری جائزہ لینے کے لیے اسے وارگریو نرسری پلانٹ سینٹر، برکشائر میں پیش کیا۔

 

معائنے کے دوران گراہم بیریٹ کے گھر میں اگائے گئے ایلیفنٹ گارلک کا وزن 3 پاؤنڈ اور 13.7 اونس جبکہ قطر 7.5 انچ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اسے دنیا کے سب سے بھاری ایلیفنٹ گارلک کا گنیز ورلڈ ریکارڈ دے دیا گیا۔

 

ایلیفنٹ گارلک عام لہسن کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑا ہوتا ہے اور اس کا حجم بازار میں دستیاب روایتی اقسام سے کئی گنا زیادہ ہو سکتا ہے۔

 

اسی روز گراہم بیریٹ نے ایک اور گنیز ورلڈ ریکارڈ اس وقت اپنے نام کیا جب ان کی اُگائی گئی سویڈش قسم کی مٹر (اسنو پی) کا وزن 0.98 اونس ریکارڈ کیا گیا، جو دنیا کی سب سے بھاری اسنو پی قرار پائی۔

 

ایک ہی دن میں دونوں ریکارڈز کی باضابطہ تصدیق کے ساتھ برطانوی مالی نے ایک منفرد کارنامہ انجام دیتے ہوئے اپنی کاشت کاری کے ذریعے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے 2 نئے اعزاز حاصل کر لیے۔

 

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب گراہم بیریٹ نے غیر معمولی جسامت والی سبزیاں کاشت کی ہوں بلکہ اس سے قبل 2025ء میں بھی انہوں نے 4 عالمی ریکارڈ قائم کیے تھے، جن میں 2.82 کلو گرام وزنی توری، 289.5 کلو گرام وزنی کدو، 140 گرام وزنی ٹماٹیلو اور مٹر کی سب سے لمبی پھلی یعنی 18 سینٹی میٹر لمبی اسنو پی شامل ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں