انگلینڈ کرکٹ کھلاڑیوں کیلئے الکوحل سے متعلق نئے پروٹوکول جاری
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے کھلاڑیوں کے لیے الکوحل سے متعلق نئے پروٹوکول جاری کر دیے ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ای سی بی کے مینیجنگ ڈائریکٹر نے نئے پروٹوکول پر دستخط کر دیے ہیں، جن میں بین اسٹوکس کے واقعے کے بعد کھلاڑیوں کے طرزِ عمل سے متعلق واضح ہدایات دی گئی ہیں۔
نئے پروٹوکول کے مطابق کھلاڑیوں پر میچ کے اگلے روز بھی شراب پینے پر پابندی ہوگی۔ نئی پالیسی کے تحت مڈنائٹ کرفیو برقرار رہے گا، جبکہ رات 10 بجے کے بعد ہوٹل سے باہر رہنے کی صورت میں کھلاڑی کو ٹیم مینجمنٹ یا سکیورٹی کو آگاہ کرنا ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق کھلاڑی شراب کے نشے کی حالت میں عوامی مقامات پر نظر نہیں آئیں گے۔ انہیں سوشل میڈیا پر الکوحل سے متعلق کسی بھی سرگرمی یا مصنوعات کی تشہیر یا پوسٹ کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ کھلاڑی یا ٹیم ہوٹل کے عوامی حصوں میں بھی الکوحل استعمال نہیں کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ایک بار میں بین اسٹوکس اور گس اٹکنسن سے متعلق واقعے پر کافی تنقید ہوئی تھی، جبکہ نومبر میں ہیری بروک بھی شراب نوشی کے بعد جھگڑے میں ملوث پائے گئے تھے۔