جوکووچ کا25واں گرینڈ سلیم جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا،ومبلڈن میں شکست
ومبلڈن کے دفاعی چیمپیئن یانک سنر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سربیا کے تجربہ کار ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کو مینز سنگلز سیمی فائنل میں شکست دے دی۔
یانک سنر نے نوواک جوکووچ کو مسلسل تین سیٹس میں 6-4، 6-4 اور 6-4 سے شکست دے کر ومبلڈن فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
اس شکست کے ساتھ ہی نوواک جوکووچ کا ریکارڈ 25واں گرینڈ سلیم سنگلز ٹائٹل جیتنے کا خواب بھی ادھورا رہ گیا۔
39 سالہ جوکووچ پورے میچ کے دوران یانک سنر کے جارحانہ کھیل کا مؤثر جواب نہ دے سکے۔ اطالوی کھلاڑی نے 16 ایسز کیے اور اپنی پہلی سروس پر صرف چھ پوائنٹس گنوائے۔
دوسرے سیمی فائنل میں جرمنی کے دوسرے سیڈ الیگزینڈر زویریف نے برطانوی وائلڈ کارڈ آرتھر فیری کی شاندار مہم کا خاتمہ کرتے ہوئے 7-6(6)، 6-2 اور 6-4 سے کامیابی حاصل کی۔
اس فتح کے بعد زویریف 1995 میں بورس بیکر کے بعد ومبلڈن مینز سنگلز کے فائنل میں پہنچنے والے پہلے جرمن کھلاڑی بن گئے۔
اب اتوار کو ہونے والے فائنل میں یانک سنر اپنے کیریئر کے پانچویں گرینڈ سلیم ٹائٹل کے لیے میدان میں اتریں گے، جبکہ الیگزینڈر زویریف فرنچ اوپن کے بعد ومبلڈن کا ٹائٹل بھی اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔