Sports

مسلسل شکستوں کے بعد بھارتی ٹیم کوچنگ سٹاف میں بڑی تبدیلیوں کا امکان

مسلسل شکستوں کے بعد بھارتی ٹیم  کوچنگ سٹاف میں بڑی تبدیلیوں کا امکان
۶ گھنٹے پہلے

جنوبی افریقا، آئرلینڈ اور پھر انگلینڈ کے خلاف مسلسل شکستوں کے بعد ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بھارتی کرکٹ ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

 

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں اکھاڑ پچھاڑ متوقع ہے اور ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے کوچنگ اسٹاف کے ایک اہم رکن کو فارغ کیے جانے کا امکان ہے۔

 

رپورٹس کے مطابق مسلسل ناکامیوں کے بعد بھارتی ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول کشیدہ ہو چکا ہے۔ جنوبی افریقا کے ہاتھوں وائٹ واش کے بعد ٹیم کے اندر اختلافات پیدا ہوئے، جبکہ گزشتہ کئی ماہ سے ڈریسنگ روم کا ماحول بھی خوشگوار نہیں رہا۔

 

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گوتم گمبھیر کے کوچنگ اسٹاف کا ایک اہم رکن آئی پی ایل کی ایک ٹیم جوائن کر سکتا ہے، جبکہ سپورٹ اسٹاف کے ایک اور رکن کے بھی علیحدہ ہونے کا امکان ہے۔

 

رپورٹس کے مطابق سلیکٹرز اور کوچنگ اسٹاف کے درمیان اختلافات نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا اہم جائزہ اجلاس متوقع ہے، جس میں کوچنگ اسٹاف میں بڑی تبدیلیوں پر غور کیا جا سکتا ہے۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکا پہلے ہی ٹیم کی ناکامیوں پر ریویو میٹنگ بلانے کا اعلان کر چکے ہیں، جس میں حالیہ شکستوں کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے گا۔

 

واضح رہے کہ بھارت جنوبی افریقا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ ہوا، اس کے بعد آئرلینڈ نے بھی اسے دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کیا، جبکہ انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی بھارت تین صفر سے پیچھے رہ کر سیریز ہار چکا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں