Sports

تاریخی ورلڈ کپ مہم کے بعد مصری فٹبال ٹیم کا وطن واپسی پرشاندار استقبال

تاریخی ورلڈ کپ مہم کے بعد مصری فٹبال ٹیم کا وطن واپسی پرشاندار استقبال
۵ گھنٹے پہلے

فیفا ورلڈ کپ میں اپنی تاریخ کی بہترین کارکردگی دکھانے والی مصر کی قومی فٹبال ٹیم کا وطن واپسی پر ہزاروں مداحوں نے والہانہ استقبال کیا۔

 

قومی پرچم لہراتے، ملی نغمے گاتے اور تعریفی بینرز اٹھائے شائقین شمالی ساحلی شہر العلمین کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ٹیم کے استقبال کے لیے جمع ہوئے۔

 

مصر نے پہلی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ میں میچ جیتنے کے ساتھ ساتھ آخری 16 ٹیموں تک رسائی حاصل کی، جسے ملکی فٹبال کی تاریخ کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

 

مداحوں نے ٹیم کے کپتان محمد صلاح کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں، جن پر ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے شکریہ کے پیغامات درج تھے۔

 

بعد ازاں قومی ٹیم نے اوپن ٹاپ بس میں نیو العلمین کی سڑکوں پر پریڈ کی، جہاں شہریوں نے کھلاڑیوں کا بھرپور خیرمقدم کیا۔

 

صدر عبدالفتاح السیسی بھی قومی ٹیم اور اس کے کوچنگ اسٹاف سے ملاقات کریں گے۔

 

اگرچہ مصر کو پری کوارٹر فائنل میں لیونل میسی کی ارجنٹائن کے ہاتھوں 3-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ٹیم نے اپنی شاندار کارکردگی سے پوری قوم کے دل جیت لیے۔

 

دوسری جانب مصری فٹبال فیڈریشن نے ہیڈ کوچ حسام حسن اور ان کے جڑواں بھائی ابراہیم حسن کے معاہدوں میں بھی توسیع کر دی ہے، جن کی قیادت میں ٹیم نے حالیہ برسوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں