ہرمز خطے میں امریکی مداخلت کے خاتمے تک بند رہے گی، ایران
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز کو تاحکمِ ثانی مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اہم بحری گزرگاہ خطے میں امریکی مداخلت کے خاتمے تک بند رہے گی۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ ایک بحری جہاز پر انتباہی فائرنگ کے واقعے کے بعد کیا گیا۔
ایرانی حکام کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ جہاز آبنائے ہرمز سے غیر منظور شدہ اور غیر قانونی راستے کے ذریعے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا، جس پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔
ایران کا مؤقف ہے کہ جہاز نے بحری ضوابط کی خلاف ورزی کی اور مقررہ طریقہ کار پر عمل نہیں کیا، جس کے باعث یہ اقدام اٹھانا پڑا۔
ایرانی حکام کے مطابق آبنائے ہرمز کی بندش قومی سلامتی اور علاقائی استحکام کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں خبردار کیا کہ اگر کسی دشمن قوت نے اس واقعے کو جواز بنا کر کسی قسم کی عسکری یا سیاسی کارروائی کی کوشش کی تو اسے سخت اور فیصلہ کن ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے عالمی تیل اور گیس کی بڑی مقدار منتقل کی جاتی ہے، اس لیے اس علاقے میں پیدا ہونے والی ہر صورتحال پر عالمی منڈیاں اور حکومتیں گہری نظر رکھتی ہیں۔