کچھ لوگ شوشے چھوڑ دیتے ہیں، ہم انہیں سنجیدگی سے نہیں لیتے: ناصر حسین شاہ
وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم کبھی نہیں ہوگی، نئے صوبے سے متعلق بعض لوگ صرف شوشے چھوڑتے ہیں، جنہیں ہم سنجیدگی سے نہیں لیتے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مسلسل عوامی خدمت اور ترقیاتی کام کر رہی ہے، جبکہ کراچی میں حقیقی معنوں میں ترقیاتی منصوبے بھی پیپلز پارٹی ہی مکمل کروا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ہمیشہ وفاقی حکومت کا حصہ رہی ہے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کبھی تقسیم نہیں ہوسکتا۔
بعض سیاسی رہنما وقتاً فوقتاً نئے صوبے کی بات کرتے ہیں، لیکن اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کو تباہ شدہ شہر قرار دینا درست نہیں، شہر میں متعدد انڈر پاسز، پل اور دیگر ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مختلف سرکاری محکموں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے، تاہم مزید اصلاحات کی گنجائش موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے کھیل کے میدانوں پر قائم شادی ہالز کو میئر کراچی نے ختم کرایا، جبکہ یہ کہنا بھی درست نہیں کہ کراچی دنیا کے بدترین شہروں میں شامل ہے، کیونکہ اگر ایسا ہوتا تو لوگ یہاں رہائش اختیار نہ کرتے۔
اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر بھر میں نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے اور جہاں سے بھی شکایات موصول ہوتی ہیں وہاں فوری کارروائی کی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متوقع بارشوں کے پیشِ نظر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، کے ایم سی اور ٹاؤن انتظامیہ کا عملہ فیلڈ میں موجود رہے گا جبکہ تمام ملازمین کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔