سعودیہ میں ڈرون حملے ناکام، اتحادی فوج کی یمن میں کارروائیاں، امریکا کا سکیورٹی الرٹ
سعودی اتحادی فوج نے سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں ڈرون حملے ناکام بنانے اور یمن کے مختلف علاقوں میں عسکری کارروائیوں کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر متحدہ عرب امارات میں امریکی سفارتخانے نے خطے میں موجود امریکی شہریوں کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے غیر معمولی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
سعودی اتحادی فوج کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے مشرقی صوبے کے علاقے راس تنورہ میں 4 ڈرونز کو مار گرایا۔
سعودی اتحادی فوج کے ترجمان ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ڈرونز کو تباہ کرنے کے نتیجے میں ان کا ملبہ مختلف مقامات پر گرا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کے لیے قائم عسکری اتحاد نے یمن کے علاقوں الحدیدہ، صعدہ اور امران میں کارروائیوں کا دعویٰ کیا ہے۔
اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق اتحادی فورسز نے الحدیدہ بندرگاہ پر عسکری کارروائی کرتے ہوئے وہاں موجود آپریشنل صلاحیتوں کو نشانہ بنایا۔
ترجمان نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ صعدہ اور امران کے علاقوں میں بھی متعدد اہداف کو تباہ کیا گیا ہے۔
اتحادی افواج کی جانب سے نشانہ بنائے گئے اہداف کی نوعیت اور کارروائیوں کے نتیجے میں ہونے والے ممکنہ نقصانات سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ اس سے قبل سعودی اتحادی فوج نے علاقے سے انخلا کی وارننگ بھی جاری کی تھی۔
اس سے قبل سعودی دارالحکومت ریاض کے فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع ایک ٹاور پر حوثیوں کے حملے میں 11 افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں 2 سعودی، 2 بھارتی، 3 نیپالی اور 4 مصری شہری شامل ہیں۔
بھارتی وزارت خارجہ نے منگل کو ریاض میں واقع ٹاور پر حوثیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے تصدیق کی کہ زخمی ہونے والوں میں دو بھارتی شہری بھی شامل ہیں۔
بھارتی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسے حملے شہریوں کی جانوں کو شدید خطرے میں ڈالتے ہیں، سعودی عرب کی خودمختاری کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور علاقائی امن و استحکام کو کمزور کرتے ہیں۔
بھارت نے ایسے حملوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں امریکی سفارتخانے نے مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی شہریوں کو خطے میں سکیورٹی خدشات کے باعث غیر معمولی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں امریکی سفارتخانے نے کہا کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے مسلح حملوں کے بڑھتے ہوئے خطرے اور خطے میں امریکی حکام اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مبینہ ایرانی کوششوں کے پیش نظر امریکی شہری چوکس رہیں۔
امریکی سفارتخانے نے شہریوں کو ممکنہ سکیورٹی انتباہات، پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی بندش اور سفری رکاوٹوں کے لیے تیار رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
امریکی سفارتخانے نے دعویٰ کیا کہ ایران نے بحرین اور کویت میں امریکی تنصیبات پر حملے کیے ہیں، جبکہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے سعودی عرب کے خلاف کارروائیاں کی ہیں۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں جانی نقصان اور سفری نظام میں شدید خلل پیدا ہوا ہے، جبکہ موجودہ علاقائی کشیدگی میں تیزی سے اضافے کا بھی امکان ہے۔