ہیروئن سمگلنگ کے جرم میں مکہ مکرمہ میں 3 پاکستانی شہریوں کو سزائے موت دے دی گئی
سعودی عرب کے مکہ مکرمہ ریجن میں ہیروئن سمگلنگ کے جرم میں تین پاکستانی شہریوں کی سزائے موت پر عمل درآمد کردیا گیا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تینوں پاکستانی شہری مملکت میں منشیات سمگل کرنے کے جرم میں ملوث تھے۔ سعودی سکیورٹی اداروں نے ملزمان کو گرفتار کیا، جس کے بعد تحقیقات میں الزامات ثابت ہونے پر مقدمہ مجاز عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے تمام شواہد کا جائزہ لینے اور ملزمان کی قانونی ذمہ داری اور اہلیت ثابت ہونے پر تینوں کو سزائے موت سنائی۔
اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلے کی توثیق کے بعد سزا پر عمل درآمد کا شاہی فرمان جاری کیا گیا، جس کے تحت 24 نومبر 2026 کو مکہ مکرمہ ریجن میں تینوں مجرموں کی سزائے موت پر عمل درآمد کردیا گیا۔
سعودی وزارت داخلہ نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ سعودی حکومت اپنے شہریوں اور مملکت میں مقیم افراد کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔