World

سعودی حملوں میں صنعاایئرپورٹ نشانہ بنا،حوثیوں کا دعویٰ

سعودی حملوں میں صنعاایئرپورٹ نشانہ بنا،حوثیوں کا دعویٰ
۱ دن پہلے

حوثی تحریک انصار اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ صنعا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو سعودی عرب کے متعدد فضائی حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ یمنی حکومت کا کہنا ہے کہ اس کی افواج نے ایک ایرانی طیارے کو وہاں اترنے سے روکنے کے لیے صنعا ایئرپورٹ کے رن وے کو نشانہ بنایا۔

 

بی بی سی عربی کے مطابق حوثیوں کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے کہا کہ "سعودی فضائی حملوں میں صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا،" جسے انہوں نے "ناجائز اور کھلی جارحیت" قرار دیا۔

 

یحییٰ سریع نے مزید کہا کہ ایئرپورٹ کو نشانہ بنانا کشیدگی میں کمی کے مرحلے کے خاتمے کے مترادف ہے۔

 

انہوں نے سعودی عرب کو اس مبینہ جارحیت کے نتائج کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان حملوں کا جواب دیا جائے گا۔

 

حوثیوں کے زیرِ انتظام سیٹلائٹ چینل المسیرہ نے بھی رپورٹ کیا کہ صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی فضائی حملے کیے گئے، تاہم حملوں سے ہونے والے جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

 

دوسری جانب حوثیوں کے زیرِ انتظام وزارتِ ٹرانسپورٹ نے سعودی عرب پر متعدد فضائی حملوں کے ذریعے صنعا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے خطرناک کشیدگی اور یمن کے محاصرے کے تسلسل قرار دیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں