World

میں بور ہو رہا ہوں،پائلٹ نے دوران پرواز آسمان پر تحریر کر دیا

میں بور ہو رہا ہوں،پائلٹ نے دوران پرواز آسمان پر تحریر کر دیا
۱۵ گھنٹے پہلے

برطانیہ میں ایک پائلٹ نے ٹیسٹ فلائٹ کے دوران اپنی پرواز کے راستے سے آسمان پر "I'm Bored" (میں بور ہو رہا ہوں) تحریر کر دی، جس کے بعد یہ غیر معمولی فلائٹ پیٹرن سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔

 

برطانوی میڈیا کے مطابق طیارہ ہفتے کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 30 منٹ پر لیورپول سے روانہ ہوا اور تقریباً دو گھنٹے تک ویرل جزیرہ نما، چیشائر اور شمالی ویلز کے فضائی علاقے میں پرواز کرنے کے بعد دوپہر 1 بج کر 30 منٹ پر مرسی سائیڈ واپس لینڈ کر گیا۔

 

فلائٹ آپریشن حکام کے مطابق بیس سالہ فلائنگ انسٹرکٹر پائپر ٹوماہاک طیارے میں ایک پرزہ تبدیل کیے جانے کے بعد معمول کی ٹیسٹ فلائٹ انجام دے رہا تھا تاکہ طیارے کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔

 

آپریشن منیجر وین بیریٹ نے کہا کہ غالباً پائلٹ ٹیسٹ فلائٹ کے دوران بور ہو رہا تھا، اسی لیے اس نے یہ الفاظ آسمان پر تحریر کیے، تاہم انہوں نے پائلٹ کی مہارت کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اتنی درستگی سے الفاظ بنانا آسان کام نہیں۔

 

انہوں نے بتایا کہ طیارے کے ایک سلنڈر کو تبدیل کیا گیا تھا، جس کے بعد معمول کے مطابق ٹیسٹ فلائٹ کی گئی اور تمام نظام درست طریقے سے کام کرتے پائے گئے۔

 

وین بیریٹ کے مطابق پائلٹ کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جائے گی، تاہم اس واقعے نے غیر معمولی توجہ ضرور حاصل کی ہے۔

 

انہوں نے مزید بتایا کہ طیارہ محفوظ طریقے سے ہینگر میں واپس پہنچ چکا ہے جبکہ پائلٹ اس وقت اپنی چھٹی پر ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں