مالی کفالت کرنا خواتین کی نہیں مردوں کی ذمے داری ہے،کومل عزیز
پاکستانی اداکارہ اور کاروباری شخصیت کومل عزیز خان کے والدین کی مالی کفالت سے متعلق بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ گھر کے اخراجات اور مالی کفالت کرنا خواتین کی نہیں بلکہ مردوں کی ذمے داری ہے۔
کومل عزیز خان نے عشقِ بے نام، رازِ الفت، بساطِ دل اور کاسۂ دل سمیت کئی مقبول ڈراموں میں اداکاری کی، تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے وہ اداکاری سے دور ہو کر ملبوسات کے کاروبار پر توجہ دے رہی ہیں۔
اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سوال و جواب کے ایک سیشن کے دوران ایک مداح نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ اپنی والدہ کی مالی مدد کرتی ہیں؟
اس کے جواب میں انہوں نے لکھا، "نہیں، میرا ماننا ہے کہ گھر کے اخراجات برداشت کرنا خواتین کی نہیں بلکہ مردوں کی ذمے داری ہے۔
اداکارہ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع ہو گئی۔
بعد ازاں انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مرحوم والد کی شکر گزار ہیں، جنہوں نے اپنی وفات سے پہلے ان کی والدہ کے لیے اتنے وسائل چھوڑے کہ انہیں کبھی اپنی اولاد پر مالی انحصار نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچت اور سرمایہ کاری بے حد اہم ہوتی ہے۔
ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف آراء اور تبصرے سامنے آئے ہیں۔
یاد رہے کہ حال ہی میں کومل عزیز خان نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ وہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے اپنے خاندان کی مکمل حمایت کے ساتھ الگ اور خودمختار زندگی گزار رہی ہیں۔