ایک کرکٹر مسلسل ہراساں کر رہا ہے،اداکارہ ہما سلیم
اداکارہ اور ماڈل ہما سلیم نے معروف کرکٹر پر ہراسانی، دھمکیوں، کردار کشی اور ذہنی اذیت پہنچانے کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلد اپنی قانونی ٹیم کے ذریعے تمام شواہد سامنے لائیں گی۔
ہما سلیم نے انسٹاگرام سٹوری میں دعویٰ کیا کہ گزشتہ دو ماہ سے ان کا مذکورہ کرکٹر سے کوئی رابطہ نہیں، تاہم اس کے باوجود انہیں مسلسل دھمکیوں، ہراسانی اور ذہنی دباؤ کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کرتی ہیں، انہیں مختلف طریقوں سے مبینہ طور پر پریشان کیا جاتا ہے۔
اداکارہ کے مطابق ان کے اہلِ خانہ، دوستوں اور پیشہ ورانہ ساتھیوں سے بھی رابطہ کر کے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، جس سے ان کے پیشہ ورانہ معاملات بھی متاثر ہوئے۔
ہما سلیم نے مزید دعویٰ کیا کہ وہ ایک توہین آمیز اور ذہنی اذیت پر مبنی تعلق میں رہیں، لیکن خاموشی اختیار کیے رکھی۔
انہوں نے کہا کہ اب وہ خاموش نہیں رہیں گی اور اپنی قانونی ٹیم کے ذریعے تمام ثبوت سامنے لائیں گی۔
اداکارہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ آئندہ چند روز میں اس معاملے سے متعلق مزید انکشافات کریں گی اور اپنے الزامات کے شواہد بھی پیش کریں گی۔