سیمی فائنل میں جوڈ بیلنگھم،لیونل میسی اورویلنٹائن بارکو کے درمیان جھڑپیں
فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے سیمی فائنل میں ارجنٹینا نے انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی، تاہم میچ کے بعد جوڈ بیلنگھم، لیونل میسی اور ویلنٹائن بارکو کے درمیان ہونے والی تلخ جھڑپیں بھی توجہ کا مرکز بن گئیں۔
میچ کے دوران جوڈ بیلنگھم اور لیونل میسی کے درمیان ریفری کے ایک متنازع فیصلے پر مختصر بحث ہوئی۔انگلینڈ کے کھلاڑیوں کا مؤقف تھا کہ ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کو سخت فاؤلز پر کارڈ ملنا چاہیے تھا، لیکن ریفری نے ایسا نہیں کیا۔
انگلینڈ نے 55ویں منٹ میں انتھونی گورڈن کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، تاہم ارجنٹینا نے میچ کے آخری لمحات میں شاندار واپسی کی۔
لیونل میسی نے اینزو فرنانڈیز کے برابری کے گول اور اضافی وقت میں لاؤتارو مارٹینیز کے فاتحانہ گول میں اہم معاونت فراہم کی، جس کے نتیجے میں ارجنٹینا نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی۔
میچ ختم ہونے کے بعد ویلنٹائن بارکو اور جوڈ بیلنگھم کے درمیان بھی تلخ کلامی ہوئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بیلنگھم نے بارکو کے سر پر تھپڑ مارا، جس کے جواب میں بارکو نے انہیں دھکا دیا، تاہم دیگر کھلاڑیوں نے فوری مداخلت کرتے ہوئے معاملہ ٹھنڈا کروا دیا۔
شکست کے بعد جوڈ بیلنگھم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انگلینڈ، ٹیم اور شائقین کے لیے انتہائی مایوس کن دن ہے۔