یورپ،خواتین ایتھلیٹس کی نشریاتی کوریج کیلئےنئے قواعد جاری
یورپی ایتھلیٹکس اور یورپی براڈکاسٹنگ یونین نے خواتین ایتھلیٹس کی نشریاتی کوریج کے دوران ان کی جنسی انداز میں عکاسی کی روک تھام کے لیے نئی رہنما ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ان ہدایات کا مقصد کیمرا اینگلز اور سلو موشن ری پلے کے استعمال کو اس انداز میں بہتر بنانا ہے کہ توجہ کھلاڑیوں کی جسمانی ساخت کے بجائے ان کی کھیلوں کی صلاحیت اور کارکردگی پر مرکوز رہے۔
'ریزنگ دی بار' کے عنوان سے جاری دستاویز خواتین ایتھلیٹس کی آراء کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔ کئی کھلاڑیوں نے شکایت کی تھی کہ بعض کیمرا شاٹس اور غیر ضروری سلو موشن ری پلے انہیں غیر آرام دہ محسوس کراتے ہیں اور ان کی کارکردگی سے توجہ ہٹا دیتے ہیں۔
یورپی ایتھلیٹکس کے صدر دوبرومیر کارامارینوف نے کہا کہ فلم بندی کے یہ رہنما اصول خواتین کھلاڑیوں کی غیر مناسب عکاسی کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ہیں جبکہ کھیلوں کی نشریات کے اعلیٰ تکنیکی اور تخلیقی معیار کو بھی برقرار رکھا جائے گا۔
ہدایات کے مطابق براڈکاسٹرز کو جسم کے مخصوص حصوں کے طویل کلوز اپ، نیچے یا پیچھے سے لیے گئے لو اینگل شاٹس اور ایسے سلو موشن ری پلے سے گریز کرنا چاہیے جو کھیل کی تکنیکی سمجھ میں کوئی اضافہ نہ کریں۔
اس کے بجائے وسیع کیمرا اینگلز استعمال کرنے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ کھلاڑی کی مکمل حرکت اور تکنیک کو بہتر انداز میں پیش کیا جا سکے۔
سابق عالمی لانگ جمپ چیمپئن ایوانا اسپانووچ نے کہا کہ جدید کیمرا اینگلز، فضائی مناظر اور معلوماتی گرافکس کے ذریعے کھیل کی تکنیکی باریکیوں کو زیادہ مؤثر انداز میں ناظرین تک پہنچایا جا سکتا ہے جبکہ سلو موشن صرف وہاں استعمال ہونا چاہیے جہاں اس سے تکنیکی وضاحت میں مدد ملے۔
رہنما اصولوں میں ہائی جمپ، پول والٹ، لانگ جمپ، ٹرپل جمپ اور دوڑ کے مقابلوں کی فلم بندی کے لیے درست اور غلط کیمرا اینگلز کی مثالیں بھی دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں کے جذبات، کامیابی کے جشن اور کوچز کے ساتھ ان کے روابط کو باوقار انداز میں فلم بند کرنے کی بھی ہدایات شامل ہیں۔
ای بی یو اسپورٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر گلین کلین نے کہا کہ غیر ضروری کلوز اپ، نامناسب کیمرا اینگلز اور بے مقصد سلو موشن ری پلے خواتین ایتھلیٹس کی مہارت اور کامیابیوں سے توجہ ہٹا کر نقصان دہ سماجی تصورات کو فروغ دیتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ رہنما اصول پابندیاں عائد کرنے کے لیے نہیں بلکہ براڈکاسٹرز، کیمرا آپریٹرز اور کھلاڑیوں کے درمیان ایک مثبت مکالمے کا آغاز ہیں تاکہ خواتین کھیلوں کی کوریج زیادہ باوقار، متوازن اور پیشہ ورانہ بنائی جا سکے۔