فاکلینڈ بینر تنازع،ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات شروع
فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد فاکلینڈ (مالویناس) سے متعلق سیاسی بینر لہرانے پر فیفا نے ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ارجنٹینا کے دفاعی کھلاڑی لیساندرو مارٹینیز اور جیووانی لو سیلسو نے میچ کے بعد جشن کے دوران ایک بینر اٹھایا تھا، جس پر لکھا تھا "مالویناس ارجنٹینا کا حصہ ہے۔
فیفا کے ضابطوں کے مطابق کھیلوں کے مقابلوں میں سیاسی، نظریاتی یا متنازع پیغامات کی نمائش ممنوع ہے۔
فیفا کے ترجمان کے مطابق ڈسپلنری کمیٹی میچ رپورٹس اور تمام متعلقہ شواہد کا جائزہ لے رہی ہے، جس کے بعد ممکنہ کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ قواعد کی خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں جرمانہ عائد کیے جانے کا امکان ہے۔
برطانیہ نے اس اقدام کو فیفا قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ برطانوی حکومت کا مؤقف ہے کہ فاکلینڈ جزائر کے مستقبل کا فیصلہ وہاں کے عوام کے حقِ خودارادیت کے مطابق ہونا چاہیے۔
دوسری جانب ارجنٹینا فاکلینڈ کو اپنا علاقہ قرار دیتا ہے، جبکہ برطانیہ ان جزائر پر اپنا کنٹرول برقرار رکھے ہوئے ہے۔
ارجنٹینا کے صدر خاویئر میلئی نے کھلاڑیوں کے اقدام کو عوامی جذبات کی عکاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیفا کی جانب سے جرمانہ عائد کیے جانے کا امکان موجود ہے۔
رپورٹس کے مطابق ماضی میں بھی فیفا سیاسی نوعیت کے بینرز اور نعروں پر مختلف ٹیموں اور کھلاڑیوں کے خلاف جرمانے اور پابندیاں عائد کر چکا ہے۔