خیبرپختونخوا کی کوہ پیما ٹیم نے 6050 میٹر بلند تھلو زوم چوٹی سر کر لی
خیبرپختونخوا کی 9 رکنی کوہ پیماؤں کی ٹیم نے 6050 میٹر بلند تھلو زوم چوٹی کامیابی سے سر کر لی۔ خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے مطابق آٹھ روزہ دشوار گزار مہم کے بعد کوہ پیماؤں نے چوٹی پر قومی پرچم لہرایا۔ مہم کا آغاز 9 جولائی کو ہوا جبکہ ٹیم نے 17 جولائی کو چوٹی سر کی۔
تھلو زوم ہندوکش پہاڑی سلسلے کی مشکل ترین اور کم سر کی جانے والی چوٹیوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں کوہ پیماؤں نے کمراٹ اور چترال کے دشوار گزار راستوں، گلیشیئرز اور برفانی دراڑوں کو عبور کرتے ہوئے آئس اسکروز کی مدد سے پیش قدمی کی۔ تقریباً آٹھ گھنٹے کی مسلسل چڑھائی کے بعد ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔
مہم میں روح اللہ، عمر خان، انتخاب خان، نعمان سمیع، عزت اللہ شاہ، سعید اختر، نعیم خان، فواد خان اور رواز علی شامل تھے۔ کوہ پیماؤں نے کامیاب مہم پر خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کی تکنیکی معاونت نے چوٹی سر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ان کے مطابق یہ کامیابی خیبرپختونخوا میں ٹیکنیکل ماؤنٹینئرنگ کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ واضح رہے کہ تھلو زوم کو پہلی مرتبہ 1971 میں آسٹریلوی جبکہ 2019 میں اطالوی کوہ پیماؤں نے سر کیا تھا۔